28-Nov-2022 غیر عنوان-
*آدابِ نعت*
نعتِ رسولِ پاک ادب سے سنائیے
اِتنی نہیں تمیز تو پھر بیٹھ جائیے
یہ بزمِ ذکرِ سیدِ لولاک ہے جناب
اشعار مستند ہی یہاں پر سنائیے
گانوں کی دھُن پہ نعتِ نبی، حیف! حیف! حیف!
نعتیں سنائیے میاں گانے نہ گائیے
آدابِ نعت حضرتِ حساں سے سیکھیے
ہر بات پر نہ کہیے کہ نعرے لگائیے
ق
کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ ہو جائیے کھڑے
تو کوئی ، دونوں ہاتھ ہَوا میں اٹھائیے
اچھا اگر لگے گا تو دیں گے ہی داد لوگ
آپ اپنا کام کیجے ، اِنہیں مت تھکائیے
دینِ نبی میں ناچنا گانا حرام ہے
خود بھی نہ ناچیے ، نہ کِسی کو نچائیے
رکھیے تصورات میں یادِ درِ نبی
آپ اپنا دھیان کیمرے پر مت لگائیے
چاہت جو مال و زر کی ہو تو کیجے کاروبار
ذکرِ رسول کی تو نہ قیمت لگائیے
سچا اگر ہے دعویِ عشقِ رسول تو
چہرے پہ بھی رسول کی سنت سجائیے
نبیوں کی پرورش کا مِلا ہے اِنہیں شرف
ماں جیسی شخصیت کو نہ جھوٹی بتائیے
مسجد میں، مدرسوں میں، غریبوں میں بانٹیے
یوں نعت خوانوں پر نہ ہزاروں لُٹائیے
اصلاح ہے ، نہ جانیے تنقیص اِس کو آپ
گر نظم پڑھ چکے ہیں تو پھر مسکرائیے
جتنی بھی خامیوں کا کیا تذکرہ ابھی
توصیفؔ! آپ خود کو بھی ان سے بچائیے
✍️از قلم: توصیف رضا رضوی
+91 959434692